بھارتی ریاست بہار کے وزیرِ اعلیٰ نے مسلمان خاتون کاحجاب زبردستی کھینچ کر اتار دیا

بھارتی ریاست بہار کے وزیرِ اعلیٰ نے مسلمان خاتون کاحجاب زبردستی کھینچ کر اتار دیا 


مسلم دشمنی اور تنگ نظری کا حالیہ واقعہ بھارتی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں پیش آیا 

پٹنہ :بھارت میں مسلمانوں خصوصا خواتین کے ساتھ جاری ناروا اورامتیازی سلوک کا ایک اور واقعہ سامنے آ یاہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریاست بہار کے وزیرِ اعلی نتیش کمار نے چیف منسٹر ہاوس میں ڈاکٹروں کو اپوائینٹمنٹ لیٹرز دینے کی تقریب میں ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر کا زبردستی حجاب کھینچ کراتار دیا۔

مسلم دشمنی اور تنگ نظری کا حالیہ واقعہ بھارتی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں پیش آیا ہے جہاں ہندوتوا بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحادی بہار کے وزیرِ اعلی نتیش کمار نے ایک تقریب میں مسلمان خاتون ڈاکٹر کا حجاب کھینچا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں روایتی اور دیسی طریقہ علاج کی وزارت آیوش کی جانب سے آیوش ڈاکٹروں کو ملازمت کے تقرر نامے دینے کی تقریب کے دوران وزیرِ اعلی ٰ نے ایک باحجاب مسلمان خاتون ڈاکٹر نصرت پروین کوتقرر نامہ دیتے ہوئے ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ یہ کیا ہے اور ان کا حجاب کھینچ کر اتاردیا۔ مسلمان خاتون سے ہتک آمیز اورشرمناک سلوک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور نتیش کمار کوسوشل میڈیا صارفین اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

حزبِ اختلاف کی مرکزی جماعت انڈین نیشنل کانگریس نے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمارسے فوری استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
 
بی بی سی کے مطابق کانگریس کی جانب سے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بہار
 کے وزیر اعلی نتیش کمار ہیں۔ ان کی بے شرمی دیکھیں ایک خاتون ڈاکٹر اپنا اپوائینٹمنٹ لیٹر لینے آئی تھیں اور نتیش کمار نے زبردستی ان کا حجاب اتار دیا۔نتیش کمار کو اپنے اس شرمناک اورناقابل معافی رویے پر فوری استعفیٰ دینا چاہیے۔
 
اپوزیشن جماعت راشٹریہ جنتا دل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نتیش کمار، کی ذہنی حالت اب قابل رحم ہے۔ پارٹی ترجمان اعجاز احمد نے میڈیا کو بتایا کہ بھارت کا آئین تمام مذاہب کے لوگوں کو اپنی مذہبی روایات اور رسومات پر عمل کرنے کی مکمل آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب نتیش کمار سے متعلق کوئی تنازع کھڑا ہوا ہو۔ اس سے قبل بھی وہ کئی مواقع پر تنازعات کی زد میں آچکے ہیں۔رواں سال اگست میں نتیش کمار نے ایک مدرسے میں ہونے والی تقریب میں ٹوپی پہننے سے انکار کر دیا تھا، جس پر مسلم کمیونٹی کی جانب سے سخت برہمی کا اظہار کیا گیا تھا۔چند ماہ قبل نتیش کمار ایک تقریب میں شریک تھے اور اس دوران انھیں ایک سرکاری افسر کی جانب سے ایک چھوٹا سے گملہ پیش کیا گیا۔ لیکن نتیش کمار نے اسے وصول کرنے کے بعد اسے اس افسر کے سر پر ہی رکھ دیا۔

دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق مہاتما گاندھی کی 77ویں برسی کی تقریب کے دوران نتیش کمار نے اچانک تالیاں بجانا شروع کر دی تھیں۔ جبکہ ایک موقع پر قومی ترانے کے دوران وہ اپنے سیکریٹری کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف تھے۔گذشتہ برس انھیں، اپوزیشن جماعتوں نے اس وقت بے بس وزیرِ اعلی قرار دیا تھا، جب انھوں نے ایک تقریب کے دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی کے پائوں چھونے کی کوشش کی تھی۔

یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں