کینیڈا میں ٹارگٹڈ حملے میں مزید دو سکھ نوجوانوں کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا
کینیڈا: بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں کو ملک کے جنوب مشرقی علاقے ایڈمنٹن میں گولی مار کرقتل کر دیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت پنجاب کے علاقے بریح سے تعلق رکھنے والے گرودیپ سنگھ اور سیدے والا کے رنبیر سنگھ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
دونوں بہتر مستقبل کے لئے الگ الگ کینیڈا آئے تھے۔خاندانی ذرائع نے بتایا کہ دونوں نوجوان ایک دوست کی سالگرہ منانے جارہے تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کردی۔ گرودیپ سنگھ کے دوست ارشدیپ نے گھر والوں کو واقعے کی اطلاع دی۔
ایڈمنٹن پولیس سروس نے بتایاکہ اسے 32اسٹریٹ اور 26ایونیو کے علاقے میں جمعہ کی صبح 1:43کے قریب گولیاں چلنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ افسران نے دو افراد کوجن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ ان کی عمریں بیس سال کی تھیں، گولی لگنے سے زخمی حالت میں پایا۔ جان بچانے کی کوششوں کے باوجود دونوں جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گئے۔
قتل کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور پوسٹ مارٹم منگل اور بدھ کو شیڈول ہیں۔ پولیس نے واقعے کو ٹارگٹڈ حملہ قرار دیا ہے اور گہرے رنگ کی اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل کی تلاش کر رہی ہے جو فائرنگ کے وقت علاقے میں موجود تھی۔
اس افسوسناک واقعے سے کینیڈا میں پنجابی کمیونٹی میں صدمے کی لہردوڑ گئی ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات خالصتان تحریک سے تعلق رکھنے والے سکھ کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کی یاد دلاتے ہیں جن میں سے اکثر کو بیرون ملک قتل کر دیا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں خبردارکیا ہے کہ بیرون ملک مقیم خالصتان تحریک کی حمایت کرنے والے پنجابی نوجوانوں کے خلاف بھی اسی طرح کے ہتھکنڈے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں
