بھارت کے لئے ایک اور بڑی مشکل : آرمینیا نے بھارتی جنگی طیارے تیجس کی خریداری معطل کر دی
آرمینیا نے دبئی ائیر شو میں بھارتی لڑاکا طیارے تیجس کی تباہی کے بعد ان طیاروں کی خریداری معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ واقعہ بھارت کے لیے ایک نیا جھٹکا قرار دیا جا رہا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق، آرمینیا اور بھارت کے درمیان 1.2 بلین ڈالر مالیت کے 12 طیاروں کی خریداری پر بات چیت جاری تھی۔ اگر یہ سودا طے پاتا تو یہ تیجس جنگی طیارے کی پہلی بڑی برآمدی ڈیل ہوتی۔ تاہم، حالیہ حادثے کے بعد خریداری کو معطل کر دیا گیا ہے، جس سے بھارت کے دفاعی منصوبوں پر اثر پڑنے کا امکان ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آرمینیا کی جانب سے خریداری منسوخ کرنے سے اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز کو بھی دسیوں ملین ڈالر کا نقصان ہوگا۔ اسرائیل میں تیار کردہ ریڈار اور دیگر جدید آلات تیجس طیارے میں شامل کیے گئے ہیں، جو اس ڈیل کی اہمیت کو مزید بڑھاتے ہیں۔
واضح رہے کہ 21 نومبر کو دبئی میں ائیر شو کے دوران بھارت کا جنگی طیارہ تیجس گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں پائلٹ بھی ہلاک ہو گیا تھا۔ اس حادثے کے بعد تیجس کی سکیورٹی اور کارکردگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
اس صورتحال نے بھارت کو عالمی سطح پرانتہائی مشکل میں ڈال دیا ہے کیونکہ اس سے نہ صرف عالمی مارکیٹ میں تیجس کی ساکھ مزید متاثر ہو سکتی ہے بلکہ بھارت کے دفاعی ساز و سامان کی برآمدات پر بھی منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں
