بھارت :تری پورہ میں مسجد کی بے حرمتی، شراب کی بوتلیں، شرانگیز نعرے، بجرنگ دل کا جھنڈا برآمد


بھارت :تری پورہ میں مسجد کی بے حرمتی، شراب کی بوتلی شرانگیز نعرے، بجرنگ دل کا جھنڈا برآمد

بھارتی ریاست تری پورہ کے ضلع ڈھلائی میں ہندو انتہاپسندوں نے ایک مسجد کی بے حرمتی کی جس سے مقامی مسلمانوں کو خوفزدہ کرنے اور تشدد کو ہوا دینے کی سوچی سمجھی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق منوچومانو روڈ پر واقع معیناما جامع مسجد میں ہندو انتہاپسندوں نے شراب کی بوتلیں رکھیں اور مسجد کے کچھ حصوں میں آگ لگانے کی کوشش کی۔

 مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ علاقے کے مسلمانوں کو خوفزدہ کرنے اور ان کے خلاف تشدد بھڑکانے کی کوشش ہے۔ مسجد میں موجود دھمکی آمیز نوٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ پہلی اور آخری تنبیہ ہے اوراگلی بار کچھ بڑا ہونے والا ہے، نیزنوٹ میں جے شری رام کے نعرے اور بجرنگ دل کا حوالہ موجود ہے۔
 
بنگالی زبان میں لکھے گئے نوٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ تمہارے لیے تنبیہ ہے،ہوشیار رہو اور اچھی طرح سنو۔ چھوٹی سی غلطی بھی معاف نہیں کی جائے گی۔

بعد ازاں معیناما جامع مسجد کے امام نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوف اور بے امنی پھیلانے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔مسجد میں شراب کی بوتلیں رکھنا ہمارے ایمان کی توہین ہے۔ یہ کوئی حادثہ نہیں بلکہ جان بوجھ کر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور تناو پیدا کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں سب سے زیادہ آبادی عیسائیوں کی ہے، پھر بدھ مت اور ہندووں کی اور پھر مسلمانوں کی۔ عیسائی اور بدھ مت کے لوگ ہمارے ساتھ ہم آہنگی، محبت اور احترام کے ساتھ رہتے ہیں۔ لیکن بجرنگ دل جیسی تنظیمیں لوگوں کے درمیان دشمنی پیدا کر رہی ہیں۔

تاہم واقعے کے بعد مسجد کمیٹی نے چومانو پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت درج کرائی۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر بروقت آگ نہ بجھائی گئی ہوتی تو یہ ایک بڑا سانحہ بن سکتا تھا۔چومانو پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے پرچم و دھمکی نوٹ برآمد ہونے کی تصدیق کی۔ جبکہ رپورٹ لکھے جانے تک پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی تھی۔

یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں