مظفرآباد: آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں یومِ سیاہ کے موقع پر آزادی چوک میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔ بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے سیاہ جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے ہیں۔ وہ بھارت کے خلاف زوردار نعرے لگا رہے ہیں۔
آج 27 اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے۔ مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں کشمیری عوام سراپا احتجاج ہیں۔ جنت نظیر وادی پر بھارتی غیر قانونی قبضے کے 78 سال مکمل ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کشمیری آج کے دن بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔
اس دن کی مناسبت سے آزاد کشمیر اور پاکستان بھر میں قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ ایل او سی کے دونوں جانب احتجاجی واکس، سیمینارز، تصویری نمائشیں اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ اسلام آباد میں دفترِ خارجہ سے ڈی چوک تک کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے واک کا اہتمام کیا گیا۔
شاہراہِ دستور، پارلیمنٹ ہاؤس اور ڈی چوک پر “کشمیر بنے گا پاکستان” کے بینرز آویزاں کیے گئے۔ صبح 10 بجے کشمیری شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ دارالحکومت مظفرآباد میں یومِ سیاہ کی مرکزی ریلی نے شہر کا ماحول بدل دیا۔
ستائس اکتوبر 1947, , وہ دن تھا جب بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں فوجیں اتاریں۔ اس روز بھارتی افواج نے جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر غیر قانونی قبضہ کیا۔ آج کشمیری عوام اسی غیر قانونی قبضے کے خلاف یکجہتی کے ساتھ میدان میں ہیں۔ ان کا جذبہ آزادی پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط دکھائی دے رہا ہے۔
یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں
