پاکستان ، صوبہ سندھ میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا

 پاکستان ، صوبہ سندھ میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا

بم دھماکوں اور دہشت گردی میں را کے ملوث ہونے کے شواہد بھی سامنے آگئے، پولیس



کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا، پولیس نے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ٹیم اور سہولت کاروں کو مختلف شہروں سے گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی اور دیگر شہروں میں بم دھماکوں اور دہشت گردی میں را کے ملوث ہونے کے شواہد بھی سامنے آگئے۔

سینٹرل پولیس آفس کراچی میں پولیس افسران نے اہم پریس کانفرنس کی، ایڈیشنل اے آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر، ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر اور دیگر افسران موجود تھے۔

ایڈیشنل اے آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان نے بتایا کراچی بھاتی خفیہ ایجنسی را کا بڑا
 نیٹ ورک پکڑا گیا، اٹھارہ مئی کو ماتلی میں فلاحی کاموں میں ملوث شخص کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی، ٹارگٹ کلنگ میں 4 ملزمان کو گرفتار کیا، خلیجی ملک میں رہائش بھارتی شہری نے ملزمان کو استعال کیا، ملزمان نے 5 دن تک ماتلی میں ریکی
 کی۔

ان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک میں رہائش پذیر سنجے بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ایجنٹ تھا، را نے مختلف ذرائع سے رقم ملزمان تک پہنچائی، مقتول عبدالرحمان زمیندار ہے کسی جماعت سے تعلق نہیں، سنجے نے ملزمان کو ٹارگٹ کلنگ کیلئے پیسے دیئے۔
انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک سے سنجے ملزمان سے رابطے میں رہا، ہمارے پاس ملزمان کی ٹریول ہسٹری بھی ہے، را نے واردات کیلئے بڑی رقم خرچ کی، ملزمان سے تفتیش جاری ہے، مزید پیشرفت بھی متوقع ہے، ملزمان سے کچھ ایسے نام ملے ہیں جو لگتا ہے پوٹینشل ٹارگٹ ہوسکتے ہیں، یہ پہلی بار ہے کہ را کی ہٹ ٹیم پکڑی گئی ہے، اس سے پہلے سہولت کار پکڑے جاتے تھے۔

آزاد خان کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 6 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے، ملزمان کو حیدر آباد میں سہولت کاری فراہم کرنے والوں کو بھی گرفتار کیا، گرفتار ملزمان کا کریمنل ریکارڈ بھی موجود ہے، یہ معاملہ ہر فورم پر اٹھایا جائے گا، کوشش کریں گے گرفتار ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ واردات میں سندھ کی کچھ علیحدگی پسند تنظیموں کے ملوث ہونے کی تفتیش بھی کررہے ہیں، را ایجنٹ سنجے سنجیو کمار عرف فوجی نے خلیجی ریاست میں کام کرنیوالے پاکستانی سلمان اور ارسلان کو ایجنٹ بنایا، سلمان نے عمیر، سجاد، عبید اور شکیل پر مشتمل ٹارگٹ کلرز گینگ بنایا۔

یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں