وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کیلئے بھارت بھر میں مسلمانوں کا بلیک آوٹ
نئی دہلی: بھارت میں متنازعہ وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کے لیے مسلمانوں نے 15 منٹ کا بلیک آوٹ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت بھر کے مسلمانوں نے تمام لائٹیں بند کر کے یہ علامتی احتجاج آل انڈیا مسلم پرسنل لا ء بورڈ کی اپیل پر کیا ۔بھارت کے تمام بڑے شہروں بشمول نئی دلی، حیدرآباد، ممبئی، بنگلورو، چنائی، اورنگ آباداور دیگر میں مسلمانوں نے 15منٹ کیلئے تمام لائٹیں بند کر دیں۔مسلم اکثریتی علاقوں میں گھروں، مساجد، دفاتر، دکانوں اور کارخانوں میں بھی روشنیاں بند کر دی گئیں۔ممبئی میں، جوگیشوری، اندھیری، میرا روڈ، گوونڈی، کرلا، ملت نگر، اور مالوانی جیسے علاقوں میں ہزاروں گھروں اور کاروباری مراکز میں روشنیاں بندکی گئیں ۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا ء بورڈ کے رکن حافظ اقبال نے کہا ہے کہ مسلم علاقوں کے تقریبا 95 فیصد لوگوں نے بورڈ کی اپیل پر بلیک آوٹ کیا ۔
رضا اکیڈمی کے صدر محمد سعید نوری نے بھی بھنڈی بازار، مدن پورہ، محمد علی روڈ، بائیکلہ، چیتا کیمپ، سیون اور وڈالا جیسے علاقوں میں بڑے پیمانے پر لوگوں کی طرف سے بلیک آوٹ کرنے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے ائمہ مساجد، علمائے کرام اور عام مسلم شہریوں نے اہم کردارادا کیا۔
حیدرآباد میں آل انڈیا مسلم مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی عابڈس اور اولڈ سٹی جیسے علاقوں کے متعدد دکانداروں اور رہائشیوں کے ساتھ احتجاج میں شامل ہوئے۔اویسی اور حیدرآباد کے کئی دیگر رہائشیوں اور دکانوں کے مالکان نے وقف ترمیمی قانون کے خلاف خاموش احتجاج میں شامل ہوئے اوراپنے گھروں اور اداروں کی روشنیاں بند کر دیں۔
سوشل میڈیا صارف اور ایکٹوسٹ سید عبداہو کشف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے۔انہوں نے کہاکہ حیدرآبادوقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف زبردست احتجاج کیاگیا ۔ ہماری آواز کو خاموش نہیں کیا جائے گا۔ یہ تو صرف شروعات ہے۔
یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں