مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری اسرائیلی طرز کی آباد کاری کے بھارتی ہتھکنڈوں کی مذمت
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی تنظیموں نے اسرائیلی طرز کی آباد کاری کے بھارتی ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے انکے گھروں ، زمینوں اور دیگر املاک پر قبضے کا ایک منظم سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی تنظیموں تحریک حریت جموں و کشمیر، مسلم لیگ، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر میں بالکل اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو اسرائیل نے فلسطین میں اپنا رکھی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنے گھروں ، زمینوں ، ملازمتوں سے محروم کر کے اپنے ہی وطن میں اجنبی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو معاشی طورپر مفلوک الحال بنانے کیلئے انہیں نوکریوں سے برطرف کیا جا رہا ہے اور انکی جگہ غیر کشمیریوں کو تعینات کر کے ہندو توا یجنڈے کو آگے بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو مستحکم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر استعماری ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگست2019کے غیر قانونی بھارتی اقدامات کا واحد مقصد ہی جموں وکشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے انکی شناخت چھینی جا رہی ہے اور انکے وسائل کو بے دریغ لوٹ مار کی جا رہی ہے۔
حریت تنظیموں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جای غیر قانونی بھارتی اقدامات اور نہتے لوگوں پر اسکے مظالم کا نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی جبر و استبداد کے باوجود حق خوداردیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں
یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں