بھارت :حیدرآباد میں مویشی تاجروں پرہندوتوا انتہا پسندوں کا حملہ
بھارتی ریاست تلنگانہ میں حیدرآباد کے علاقے ٹکوگڈا میں نام نہاد گاﺅ رکھشکوں(گائے کے محافظوں) نے مویشی تاجروں کے ایک گروپ پروحشیانہ حملہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا جہاں مویشیوں کو لے جانے والی ایک گاڑی کو ہندو انتہا پسندوںے روکا۔ متاثرہ تاجروں کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر موجود پولیس نے حملے کو روکنے کے لئے کوئی کارروانی نہیں کی۔
تاجروں نے بتایا کہ وہ 14 بیلوں کو مالے پلی سے مقامی ہفتہ وار بازار لے جا رہے تھے جب ایک موڑ پر مسلح افراد کے ایک گروپ نے انہیں روک لیا۔ ایک ویڈیو میں زخمی افراد میں سے ایک بتا رہا ہے کہ تقریباً 100سے150 افراد نے ہمیں روکا جن کے پاس لاٹھیاں، لوہے کی سلاخیں اور دیگر ہتھیار تھے اور انہوں نےاچانک ہم پر حملہ کرنا شروع کر دیا۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ ان کے پاس جانوروں کو لے جانے کے لیے تمام ضروری دستاویزات موجود تھے۔ ایک اور شخص نے کہا کہ اجازت نامہ موجود ہونے کے باوجود ہم پر حملہ اور تشدد کیا گیا۔
متاثرین کا کہنا تھا کہ پولیس بروقت کارروائی کرنے میں ناکام رہی اور جائے وقوعہ پر موجود پولیس افسران نے حملے کو روکنے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی۔پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے جبکہ ایس ایچ او بی لکشمی نرائنانے حملے کی شدت کو کم بتاتے ہوئے کہا کہ اس میں صرف چارافرد ملوث تھے۔
یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں