بھارت میں پاکستان زندہ باد کے نعروں نے ہلچل مچادی
بھارت کے شہر گوا میں ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعروں کو دیکھ کر ہلچل مچ گئی جس کے بعد 9 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کی رات شمالی گوا کے علاقے باگا اور ارپورہ میں 2 مختلف واقعات پیش آئے جس میں دکانوں کے ایل ای ڈی سائن بورڈز پر پاکستان زندہ باد کے نعرے دکھائی دیئے۔
پولیس کے مطابق 9 افراد کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پہلا واقعہ 9 بجکر 50 منٹ پر جبکہ دوسرا 10 بجکر 18 منٹ پر پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں دکانداروں کو حراست میں لے کر ایل ای ڈی بورڈز کو منقطع کردیا، دونوں دکانداروں کے خلاف ملکی سالمیت کو خطرے میں ڈالنے کے جرم میں الگ الگ ایف آئی آر درج کرلی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔
یاد رہے کہ بھارت میں گزشتہ دنوں بینک کی وائی فائی آئی ڈی ’ پاکستان زندہ باد ‘ کے نام سے تبدیل ہونے پر انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئی تھیں۔
گووردھن سنگھ نامی شہری نے بنگلورو کے ایک بینک میں مشتبہ وائی فائی آئی ڈی دیکھنے کے بعد پولیس میں شکایت درج کروائی
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 روز قبل گووردھن سنگھ نامی شہری نے بنگلورو کے ایک پرائیویٹ بینک میں مشتبہ وائی فائی آئی دیکھنے کے بعد پولیس میں شکایت درج کروائی ۔
بھارتی میڈیا رپورٹ میں شکایت درج کروانیوالے شہری کا تعلق سخت گیر ہندو تنظیم وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے یوتھ ونگ بجرنگ دل سے بتایا گیا ہے ۔
دوسری جانب بینک کا مؤقف ہے کہ’ بینک کے وائی فائی میں مرمت کیلئے ایک مقامی ٹیکنیشن کی خدمات وصول کی گئی تھیں ، جس کے بعد وائی فائی کا نام تبدیل ہوگیا ۔
پولیس کے مطابق معاملے کی تفتیش کیلئے جب ٹیکنیشن سے رابطہ کرنا چاہا تو وہ بینک سے جاچکا تھا حتیٰ کہ اب اس کا نمبر بھی بند جارہا ہے۔
شہری کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ٹیکنیشن کی تلاش شروع کردی ہے تاہم پولیس بھی تاحال ٹیکنیشن کو تلاش کرنے میں ناکام ہے۔
یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں
