امریکا میں سکھ رہنما کے قتل کی سازش، بھارتی شہری کو 19 سال 7 ماہ قید کی سزا

 

امریکا میں سکھ رہنما کے قتل کی سازش، بھارتی شہری کو 19 سال 7 ماہ قید کی سزا


ملزم نے رواں سال فروری میں اجرتی قتل اور منی لانڈرنگ سمیت دیگر الزامات کا اعتراف کیا تھا: رپورٹس


امریکا میں بھارتی حکومت کے ایک اہلکار کے ساتھ مل کر سکھ علیحدگی پسند رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش میں ملوث بھارتی شہری نکھل گپتا کو 19 سال 7 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔ ملزم نے رواں سال فروری میں اجرتی قتل اور منی لانڈرنگ سمیت دیگر الزامات کا اعتراف کیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق 55 سالہ نکھل گپتا کو مین ہیٹن کی وفاقی عدالت میں سماعت کے دوران امریکی ڈسٹرکٹ جج وکٹر ماریرو نے 235 ماہ (19 سال 7 ماہ) قید کی سزا سنائی۔

نکھل گپتا نے رواں سال فروری میں اجرتی قتل، اجرتی قتل کی سازش اور منی لانڈرنگ کی سازش کے الزامات میں اعترافِ جرم کیا تھا۔

استغاثہ کے مطابق نکھل گپتا نے ایک بھارتی سرکاری اہلکار کے ساتھ مل کر نیویارک میں قائم تنظیم ’سکھس فار جسٹس‘ کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش تیار کی تھی۔ گرپتونت سنگھ پنوں امریکی اور کینیڈین شہریت رکھتے ہیں۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق نکھل گپتا اور بھارتی حکومتی اہلکار وکاش یادو نے ایک مبینہ قاتل کو 15 ہزار ڈالر نقد رقم پہنچانے کا انتظام کیا تھا، تاہم یہ شخص دراصل امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کا خفیہ اہلکار تھا۔

اس مقدمے میں وکاش یادو پر بھی فردِ جرم عائد کی گئی ہے، تاہم وہ اس وقت امریکی حراست میں نہیں ہیں۔ یہ بھی واضح نہیں کہ انہوں نے اس مقدمے میں اپنا وکیل مقرر کیا ہے یا نہیں۔

رائٹرز کے مطابق قتل کی یہ سازش ایک وسیع تر مہم کا حصہ تھی، جس کے بارے میں امریکی اور کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ اس کے ذریعے بھارتی حکومت کے ناقدین اور مخالفین کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں