پاکستان سمیت 8 ممالک کی مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی وزرا اور آبادکاروں کی اشتعال انگیز کارروائیوں کی مذمت
پاکستان سمیت 8 عرب اور اسلامی ممالک کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی وزرا اور آبادکاروں کی اشتعال انگیز کارروائیوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
پاکستان، مصر، ترکیے، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی جھنڈا نصب کرنے کی بھی شدید مذمت کی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ انتہا پسند اسرائیلی وزرا نےاپنی فوج کی پشت پناہی سے مسجد اقصیٰ میں اشتعال انگیزحرکت کی جبکہ اسرائیلی پولیس نے بھی مسجد اقصیٰ کے صحن میں دو ٹینٹ لگائے اور دیگر اشتعال انگیز کام کیے گئے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ بیت المقدس کے قدیم شہر اور مقدس مقامات تک رسائی پر پابندیاں فوری ختم کی جائیں اور اسرائیل مسجد اقصیٰ میں مسلمانوں کی عبادت میں رکاوٹ ڈالنے سے باز رہے۔
مشترکہ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کا تاریخی، قانونی اور آبادیاتی تشخص بدلنےکی اسرائیلی کوششیں ناقابل قبول ہیں، مسجد اقصیٰ کےتمام 144 دونم رقبے پر مشتمل احاطہ صرف مسلمانوں کی عبادت گاہ ہے اور اردن کے محکمہ اوقاف کو ہی مسجد اقصیٰ کا انتظامی اختیار حاصل ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی برادری اسرائیل کوبیت المقدس کے اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات پرغیرقانونی اقدامات سےروکے۔
یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں