تمام اسرائیلی آبادکاری سرگرمیاں فوری اورمکمل طور پربند کی جائیں، پاکستان

 تمام اسرائیلی آبادکاری سرگرمیاں فوری اورمکمل طور پربند کی جائیں، پاکستان

فلسطینی اتھارٹی کی روکی گئی رقوم فوری جاری کی جائیں ، عاصم افتخار


سلامتی کونسل کے اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ اور مسئلہ فلسطین پر قرارداد کے معاملے پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے اجلاس میں ملکی مؤقف پیش کیا۔

عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے ۔ وہاں بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں ۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاری اور تشدد اب تک کی بلندترین سطح پر پہنچ چکا۔

عاصم افتخار احمد نے کہا کہ ای ون منصوبہ فلسطینی ریاست کے جغرافیائی تسلسل کیلئے سنگین خطرہ  ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کی مالی رقوم کی بندش حکمرانی کو مفلوج کرنے کی کوشش ہے ۔ غزہ میں صورتحال انتہائی تباہ کن ہے۔ 90 فیصد سے زائد آبادی شدید انسانی بحران کا شکار ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ جنگ بندی کےباوجود غزہ میں خواتین اور بچوں سمیت 981 فلسطینی شہید کئےجا چکے۔ فلسطینی بچوں سے متعلق کمیشن آف انکوائری کی حالیہ رپورٹ سنگین فردِ جرم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مطالبہ ہےتمام اسرائیلی آبادکاری سرگرمیاں فوری اورمکمل طور پربند کی جائیں ۔ زمینوں کے الحاق، مکانات کی مسماری اور جبری بے دخلی کے تمام اقدامات فوری روکے جائیں۔ فلسطینی اتھارٹی کی روکی گئی رقوم فوری جاری کی جائیں۔

عاصم افتخار احمد نے کہا کہ غزہ میں فوری ، مستقل اور مکمل جنگ بندی ناگزیر ہے ۔ 1968 سے پہلے کی سرحدوں پرآزاد ، خودمختار فلسطینی ریاست ہی امن کی واحد ضمانت ہے۔

یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں