مشرق وسطیٰ میں فضائی آپریشن شدید متاثر،20ہزار پروازیں منسوخ، کھربوں کا نقصان
مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث فضائی بحران شدت اختیار کرگیا ہے اور پانچ روز کے دوران 8 ممالک کی منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
اندازوں کے مطابق ایئرلائنز کو اب تک تقریباً 2 کھرب 15 ارب پاکستانی روپے سے زائد کا ریونیو نقصان ہو چکا ہے۔صرف پاکستان کے ایئرپورٹس سے پروازوں کی منسوخی سے بھی تقریباً 10 ارب روپے کا نقصان ہوا۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق پاکستان سے آج مسلسل چھٹے روز بھی مشرق وسطیٰ کے لیے پروازیں متاثر رہیں اور مجموعی طور پر 145 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے مشرق وسطیٰ کے لیے 35، لاہور سے 29، ملتان سے 12 پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ اسلام آباد سے 35، پشاور سے 14، سیالکوٹ سے 12 اور فیصل آباد سے 6 پروازیں بھی منسوخی کا شکار ہوئیں۔
اس کے علاوہ کوئٹہ سے مشرق وسطیٰ کے لیے 4 پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔
دوسری جانب خلیجی ممالک میں ہنگامی انخلا کے پیش نظر دبئی، ابوظہبی اور شارجہ ائیرپورٹس سے 167 خصوصی پروازیں آپریٹ کی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق کشیدہ صورتحال کے باعث ریاض اور دمام کے فضائی آپریشن بھی متاثر ہوئے، جہاں بدھ کے روز 57 پروازیں منسوخ جبکہ 46 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔
علاوہ ازیں دبئی، ابوظہبی، شارجہ، کویت، بحرین اور دوحہ سمیت خطے کے کئی ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر رہا۔ کویت اور دوحہ سے گزشتہ پانچ روز کے دوران ایک بھی پرواز آپریٹ نہیں ہوسکی۔
فضائی ڈیٹا کے مطابق ایران کی 240، عراق کی 215، بیروت کی 58پروازیں بھی منسوخ کی جا چکی ہیں۔
یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں