بھارت : بہار میں ہندوانتہا پسندوں نے مسلمان خاتون کو کھمبے سے باندھ کرپیٹ پیٹ کر قتل کردیا

بھارت :بہار میں ہندو انتہاپسندوں نے مسلمان خاتون کو کھمبے سے باندھ کرپیٹ پیٹ کر قتل کردیا


پٹنہ :بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاست بہار کے ضلع مدھو بنی میں ہندو انتہاپسندوں نے ایک مسلمان عورت روشن خاتون کو اس وقت کھمبے سے باندھ کرپیٹ پیٹ کر قتل کر دیا جب وہ ایک تنازعے میں مدد مانگنے کے لیے گاوں کے سربراہ کے پاس گئی تھی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقامی لوگوں نے بتایا کہ حملہ آوروں نے خاتون کو کھمبے سے باندھ کر بے رحمی سے پیٹا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حملے کے دوران خاتون کے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔ لوگوں کے مطابق روشن خاتون اس حملے میں بری طرح زخمی ہو گئیں۔ بعد میں اس کی حالت مزید بگڑ گئی اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ اتوار کو اس کی موت کی خبرآتے ہی علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ روشن خاتون کی موت سے لوگوں اور سماجی کارکنوں میں غصہ پایا جاتا ہے جو قصورواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ضلع کے ایک سماجی کارکن نے بتایا کہ یہ ایک دردناک واقعہ ہے۔ ایک خاتون انصاف کے حصول کے لیے گئی اور اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ انتظامیہ کو قصورواروں کو سزا دلانی چاہیے۔ ایک اورشخص نے کہا کہ یہ واقعہ مدد کے لیے مقامی حکام سے رجوع کرنے والے کمزور لوگوں کی حفاظت کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑاکرتا ہے ۔لوگ گاوں کے رہنما کے پاس تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی امید لے کر جاتے ہیں۔ روشن خاتون کے ساتھ جو ہوا اس سے بہت سے خاندانوں کو صدمہ پہنچاہے۔مقامی باشندوں نے حملے کی منصفانہ تحقیقات اور ملوث افراد کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

کمیونٹی کے ایک بزرگ نے بتایاکہ روشن خاتون ایک غریب خاتون تھی جو مدد مانگنے گئی تھی۔ اس کی موت سے یہاں کے لوگوں کو بہت دکھ پہنچا ہے۔ ہم اس کے لیے انصاف اور تمام شہریوں کے لیے تحفظ چاہتے ہیں۔

یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں