پاکستان کی طرف سے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت پر کشمیری عوام کا اظہار تشکر


پاکستان کی طرف سے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت پر کشمیری عوام کا اظہار تشکر
دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں اور پاکستانیوں کے عظیم دینی ، تہذیبی رشتوں کو مٹا نہیں سکتی، مسرت عالم


سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستانی عوام اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی اور حق خود ارادیت کیلئے اپنی جدوجہد کی بھر پور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کشمیریوں کیلئے ہمت و حوصلے کا باعث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جس بھر پور جوش و جذبے سے ایک مرتبہ پھر ” یوم یکجہتی کشمیر “ منا رہا ہے اس سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو مہمیز مل رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستانوں کے لازوال دینی ، ثقافتی و تمدنی رشتوں کو دنیا کی کوئی طاقت مٹا نہیں سکتی، کشمیریوں کی عظیم قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور جموں وکشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے بھی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کشمیری عوام کے منصفانہ مقصد کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ایک بھر پور کردار ادا کر رہا ہے۔

تہاڑ جیل ہی میں نظر بند معروف کشمیری خاتون رہنما آسیہ اندرابی نے پاکستانی عوام کے لیے امن، خوشحالی اور معاشی استحکام کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی طور پر مستحکم اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی کامیابی کا ضامن ہے۔

جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماﺅں نعیم احمد خان، بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، فیاض حسین جعفری، سید سبط شبیر قمی اور تحریک حریت جموں و کشمیر ، جموں وکشمیر پیپلز ایسو سی ایشن سمیت دیگر حریت رہنماوں اور جماعتوں نے بھی اپنے بیانات میں کہا کہ تنازعہ کشمیر کے ایک اہم فریق کی حیثیت سے پاکستان نے ہمیشہ حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکلات کے باوجود کشمیرکاز کی بھر پور حمایت کر رہا ہے اور اس حوالے سے عالمی سطح پر بھر پور آواز اٹھا رہا ہے جس پر کشمیری اسکے انتہائی مشکور ہیں۔

یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں