بھارتی لڑاکا طیارہ تیجس تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا ۔ تیجس کے گرنے کا دو سالوں میں یہ تیسرا بڑا حادثہ ہے جس سے بھارتی فضائیہ کو ایک اور بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
بھارتی اخبار دی اکنامک ٹائمز کے مطابق حادثہ ایک ایئربیس کے قریب پیش آیا جہاں طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔ رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت طیارہ فضائی مشق میں مصروف تھا کہ اچانک فنی خرابی کے باعث بے قابو ہوگیا اور ایئربیس کے احاطے میں گر کر تباہ ہوگیا مگر پائلٹ نے بروقت اجیکٹ کر کے اپنی جان بچا لی ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس واقعے کے بعد انڈین ایئر فورس نے اپنے تمام تیجس ایم کے ون طیاروں کا دوبارہ تکنیکی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس وقت بھارتی فضائیہ کے پاس 32 تیجس ایم کے ون طیارے موجود ہیں جنہیں مرحلہ وار آپریشنل ذمہ داریاں سونپی جا رہی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ گزشتہ 2 سال کے دوران تیجس طیارے کا تیسرا بڑا حادثہ ہے۔ پہلا طیارہ 2024 میں بھارتی ریاست راجستھان میں گر کر تباہ ہوا تھا جبکہ دوسرا گزشتہ سال دبئی ایئرشو کے دوران زمین بوس ہوگیا تھا۔ مسلسل حادثات کے باعث طیارے کی کارکردگی اور تکنیکی معیار پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کسی بھی نئے لڑاکا طیارے کے بیڑے میں ابتدائی مرحلے میں تکنیکی مسائل سامنے آ سکتے ہیں تاہم بار بار پیش آنے والے حادثات تشویش اور غیر پیشہ وارانہ تکنیکی مہارت کا ثبوت ہیں ۔
سوشل میڈیا پر بھی بھارتی شہریوں کی جانب سے اس حادثے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور صارفین بھارت کے تیجس پروگرام پر کئی سوالات اٹھا رہے ہیں۔
یہاں یہ یاد رہے کہ تیجس میں مسلسل تکنیکی مسائل کے بیشتر واقعات سامنے آنے کے بعد عرصہ قبل آرمینیا اور دیگر ممالک نے بھارت سے تیجس لڑاکا طیاروں کی ڈیل کو منسوخ کر دیا تھا۔
یہ ویڈیو بھی دیکھیں