سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ریل کے ذریعے بھارتی فوج کے ٹینکوں، توپ خانے اور دیگر بھاری فوجی ساز و سامان کی ترسیل نے علاقے میں تعمیر و ترقی کے پیچھے کارفرما اصل بھارتی مذموم منصوبوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے گزشتہ روز ریل گاڑی کے ذریعے بھاری ہتھیار جموں سے مقبوضہ وادی میں پہنچائے ۔
قابض بھارتی فوج کے لیے جنگی سازوسامان خصوصی ریل گاڑیوں کے ذریعے جموں سے وادی کشمیر منتقل کرنا اس بات کا بخوبی پتہ دیتا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں نام نہاد ترقی درحقیقت فوجی جَماو، عسکری تیاریوں اور علاقے پر بھارتی قبضہ مزید مستحکم کرنے کی کوشش ہے۔
یہ تیاریاں صرف مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضے کو مضبوط بنانے تک محدود نہیں بلکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پر قبضے کے ناپاک بھارتی عزائم کا بھی غماز ہیں ۔ یہ پاکستان کے خلاف نئی ممکنہ جارحیت کا بھی حصہ ہیں۔
مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ریل پٹریوں، سڑکوں ، سرنگوں اور پوپوں کی تعمیر کو تعمیر و ترقی کا نام دیکر دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم ریل گاڑی کے ذریعے بھارتی فوجی سازو سامان کی ترسیل نے تعمیر و ترقی کے نام نہاد دعوؤں کا پول کھول دیا ہے ۔
یہ ساری تعمیر و ترقی کشمیریوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہرگز نہیں ہے بلکہ بھارت علاقے پر اپنے فوجی پنجے مضبوط کر رہا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو قائم رکھنے کیلئے علاقے کو مکمل طورپر ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے۔
ریل گاڑیوں کے ذریعے ٹینکوں ، توپوں کی ترسیل تعمیر و ترقی نہیں بلکہ اصل ترقی عوام کی آزادی ، امن اور عزت نفس ہے جس کو بھارت نے غیر قانونی طریقے سے پچھلی کئی دہائیوں سے سلب کر رکھا ہے۔